کوئٹہ: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں زلزلہ آیا ، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور گردو نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
زلزلے کے باعث شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
دوسری طرف بلوچستان کے ایک اور ضلع سوراب میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، سوراب کی تحصیل گدر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4َ٫2 تھی، زلزلے کا مرکزخضدارسے 62کلومیٹر شمال مغرب میں 15کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ زلزلے کےجھٹکےمحسوس ہوتےہی لوگ نے کلمہ طیبہ کاورد شروع کردیا، کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یاد رہے 7 اکتوبر کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے شدید زلزلہ کے باعث 22 افراد جاں بحق اور100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز ہرنائی سے 15 کلو میٹر دور کا علاقہ تھا۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی کا کہنا تھا کہ زلزلے سے ہرنائی میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور زلزلے کے باعث دو سو سے زائد مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے تھے۔