اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل تھا، ملک میں خون خرابہ بالکل نہیں چاہتا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے دھرنے سمیت اہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کور کمیٹی ارکان کو کالعدم تنظیم سے مزاکرات پر اعتماد میں لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی صدارت میں اجلاس کے دوران پارٹی کی تنظیم نو کے معاملے پر مشاورت کی گئی اور پارٹی رہنماؤں کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے عوام کیلئے ریلیف پیکیج پر بھی اعتماد میں لیا، وزیر اعظم نے پارٹی امور پر ارکان سے مشاورت کی، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ لاہور کے حلقہ 133 میں ضمنی انتخاب پر بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ملک میں خون خرابہ بالکل نہیں چاہتا، ہمیشہ مسائل کو بات چیت اور مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی ہے، کبھی بھی طاقت کے استعمال اور انشار کا حامی نہیں رہا، بد امنی کا کسی کو فائدہ نہیں ہو گا۔ حالیہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی ہے، مذاکرات ہی مسلے کا واحد حل تھے۔
انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی بنائی ہے، اتھارٹی توہین رسالت کے سدباب کے لیے اقدامات کرے گی۔ بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹس میرٹ پر دیے جائیں گے، پارٹی رہنما آج سے ہی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کریں۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کورکمیٹی اجلاس میں پنجاب، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بات ہوئی، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھنے پرہمیں تشویش ہے، تیل کی قیمتوں میں اضافے کوروکا گیا ہے، توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے بڑے فکرمند ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم مہنگائی کے حوالے سے پیکج کا اعلان کرنے جارہے ہیں، ایک کروڑسے زائد آبادی کوبراہ راست ریلیف ملے گا۔