الیکشن کمیشن کی سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے صوبائی حکومت کو ڈیڈ لائن

Published On 03 November,2021 12:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن کیلئے صوبائی حکومت کو ڈیڈ لائن دے دی۔ ای سی پی نے سندھ حکومت کو 6 نومبر تک بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کر دی۔

الیکشن کمیشن نے ڈسڑکٹ الیکشن کمشنرز کو ڈپٹی کمشنرز سے فوری رابطے کی ہدایات کر دیں۔ سندھ حکومت نے تاحال بلدیاتی کونسلز، نشستوں کی تعداد اور ترمیمی مسودہ فراہم نہیں کیا۔

ادھر سندھ حکومت نے بالآخر بلدیاتی الیکشن کے لئے ابتدائی کام کا آغاز کر دیا۔ محکمہ بلدیات سندھ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ کر اضلاع کے نقشے الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

خط میں کہا گیا کہ شہری، دیہی علاقوں، بلدیاتی کونسلز کی نشاندہی کے ساتھ نقشے دیئے جائیں، مردم شماری کے مطابق تحصیل، سرکل، چارج، انتظامی حد بندی کر کے نقشے دیں۔
 

Advertisement