اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیپلزپارٹی مکمل تعاون کرے گی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپوزیشن رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔ بلاول بھٹو کے ہمراہ پی پی پی اراکین پارلیمان بھی شہباز شریف کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں موجود تھے۔
اس دوران بلاول نے اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کی، بلاول اور اپوزیشن اراکین کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام لیگی اراکین پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنائیں۔ حکومت نے 22 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، فیصلہ کیا مہنگائی کے خلاف اور نیب آرڈیننس کے خلاف کمر کس لی ہے، عمران نیازی این آر او لینا چاہتا ہے، متحدہ اپوزیشن پارلیمان میں اور پارلیمان سے باہر بھرپور احتجاج کرے گی، مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی، حکومت کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ چکمہ دے کر مشترکہ اجلاس سے قانون سازی کرے، پارلیمان میں بھی اور عدالت کے ذریعے نیب آرڈیننس کو ہر صورت روکیں گے ، عوامی قوت کے ساتھ ملک کو صحیح معنوں میں آگے لیکر جائیں۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے، مشترکہ اجلاس میں پیپلزپارٹی مکمل تعاون کرے گی، ہمارے تمام اراکین مشترکہ اجلاس میں شریک ہوں گے، بے روزگاری اور مہنگائی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، میں آپ کا شکر گزار ہوں آپ وقتاً فوقتاً مشاورت کرتے رہتے ہیں۔