لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہوگئی۔
ذرائع کےمطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف بخار میں مبتلا ہوگئے جن کو ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیدیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جون کے مہینے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:قائد حزب اختلاف شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار، گھر میں قرنطینہ کرلیا
اس وقت لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے قوم سے شہباز شریف کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی درخواست کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا، تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہباز شریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے، یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی۔
عطاء اللہ تارڑ کا اس وقت کہنا تھا شہباز شریف نے نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمہ دار ہوں گے، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔