اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے سیلاب کی وجہ حکومت کی نااہلی ہے، نیب کہتا ہے 539 ارب حکومت کو دیئے، وزرات خزانہ کے مطابق ساڑھے 6 ارب سرکار کو ملے، ایک دن کیس بنے گا جب نیب سے پوچھا جائے باقی رقم کہاں گئی، چیئرمین اور نیب پراسیکیوٹر کا حساب کمزور لگتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں گیس ہمارے لگائے گئے ٹرمینل سے آ رہی ہے، نیب پراسیکیوٹر کہہ رہے ہیں ایل این جی ٹرمینل سے قومی خزانے کو نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چینی پر کمیشن پر کمیشن بنے، کیا کوئی ایکشن ہوا، مہربانی کریں کمیشن بنانا چھوڑ دیں، اس ملک کو چلنے دیں، چینی چور کابینہ کی ٹیبل پر بیٹھے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کے سیلاب کی وجہ حکومت کی نااہلی ہے، پاکستان میں انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں، آنیوالے انتخابات میں پاکستان کی عوام کی مرضی کی حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود تنظیم کو کالعدم قرار دیتی ہے، خود ہی ختم کر دیتی ہے، حکومت اب ٹی ایل پی کی اتحادی بننے کی کوشش میں ہے۔