حکومت عوام کو سچ سے محروم رکھنے کی کوشش کر رہی ہے: شاہد خاقان عباسی

Published On 29 October,2021 11:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، حکومت عوام کو سچ سے محروم رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا نیب آرڈیننس کے 2 ہی مقاصد ہیں، نیب آرڈیننس کا مقصد چیئرمین نیب کی ملازمت میں توسیع ہے، حق کی آواز دبانے کیلئے نیب کو استعمال کیا جاتا ہے، سچ اور جھوٹ عوام کے سامنے آنا چاہیئے، عوام کو نیب کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایک وزیر مذاکرات کرتا ہے تو دوسرا خبر دینے پر چینل بند کر رہا ہے، قول و فعل کے تضاد نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا، ہماری خارجہ پالیسی پوری دنیا پر عیاں ہے، ملکی مسائل کا حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔

دوسری جانب خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت مقررہ وقت سے پہلے ہی گر جائے گی، حکومتی وزراء کے بیان ایک دوسرے کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے، ایک دوسرے کے بیانات کی تردید کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی کی خراب صورتحال کا ذمہ دار وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو قرار دے دیا۔
 

Advertisement