کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کو عوامی تکلیف کی پرواہ نہیں، حکومت چوری چھپانے میں کوشاں رہے گی تو مہنگائی کا معاملہ کون دیکھے گا، عوام جان چکے الیکشن چوری ہوں گے تو انہیں ریلیف نہیں ملے گا۔
سابق وزیراعظم اور لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کراچی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آج تک توشہ خانہ کے تحائف کا جواب نہیں دے سکی، حکومت کی ناکامیاں مہنگائی کی صورت میں سامنے آتی ہیں، آج عوام مہنگائی سے مشکلات کا شکار ہے، مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگیا، پورے ملک میں پی ڈی ایم مہنگائی کیخلاف مظاہرہ کر رہی ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جو آرڈیننس آیا ہے جج صاحبان خود اس سے پریشان ہیں، فوری اور شفاف انتخابات پاکستان کے مسائل کا حل ہے۔