اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ انتخابی اصلاحات نہیں، عوامی رائے کے قتل کی منصوبہ بندی ہے، اگلے الیکشن پر ڈاکا ڈالنے کی قانون سازی بلڈوز کی جا رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج کی قانون سازی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ ہے، الیکشن کمیشن کے آئینی اختیارات پہ کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، یہ ایک غیر جانبدار اور آزاد الیکشن کمیشن پہ حملہ ہے، انتخابی اصلاحات سازش، دھونس اور دھمکی سے نہیں بلکہ پارلیمانی مشاورت سے ہوتی ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ انتخابی اصلاحات کی قانون سازی نہیں بلکہ سیلیکٹڈ عمران صاحب کا الیکشن چوری کا منصوبہ ہے، آج انشاءاللہ ایوان کے دونوں اطراف عوامی نمائندے عوام کی رائے کا قتل نہیں ہونے دیں گے، یہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین نہیں، عوام کے ووٹ چوری کی تاریخی اور بد ترین مثال ہے، عمران صاحب کو پتہ ہے کہ عوام نے آٹا چینی بجلی گیس دوائی چوروں کو ووٹ نہیں دینا، پہلے اٹھارویں ترمیم نشانہ تھی، اب پورا آئین نشانے پر ہے۔