لاہور: (دنیا نیوز) عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ نے انتخابات سے راہ فرار اختیار کی، حلقے کا پہلا دورہ کرنے پر عوام نے ان کی گاڑی پر انڈے اور ٹماٹر مارے۔
ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی ایس بھی ایک ٹیکنالوجی تھی جسے پی ٹی آئی کی مشاورت سے 2018 کے انتخابات میں اپنایا گیا، پی ٹی آئی کو ووٹ تو ملے گا نہیں اس لئے انہوں نے ای وی ایم کا شوشہ چھوڑا ہے، بھارت نے بھی 20 سال الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے معاملے کو زیرٖ غور رکھا، جرمنی کے انتخابات کی مثالیں دی جاتی ہیں، وہاں ای وی ایم استعمال نہیں ہوتیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ڈینگی کیلئے حکومت نے ایک دھیلے کا کام نہیں کیا، عوام ڈینگی سے خود ہی لڑ رہی ہے، اسموگ کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے، موٹروے سے ملحقہ فصلوں کی باقیات جلائی جا رہی ہے، اینٹوں کے بھٹوں کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار صوبے کو کتنے مہنگے پڑے، اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔