اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، انہیں ووٹ دینے کی بات پر سیاسی مخالفین کو سانپ سونگھ جاتا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن کا دل ہمیشہ پاکستان کیلئے دھڑکتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی تکالیف کا احساس ہے، ان کے مسائل سے آگاہ ہوں، شہباز شریف نے ماضی میں شکاگو کے ڈاکٹر کو جھوٹی رپورٹ دینے کا کہا، اوورسیز ووٹ کا حق مانگیں تو کہا جاتا ہے انہیں سیاست کی سمجھ نہیں، احسن اقبال کہتے ہیں اوورسیز پاکستانی یہاں کے مسائل سے واقف نہیں، وہ اپنے بیٹے کو بیرون ملک سے بلوا کر یہاں الیکشن لڑاتے ہیں، اوورسیز پاکستانی اپنا حق مانگ رہے ہیں۔
ادھر اوورسیز پاکستانی الیکشن کمیشن پہنچ گئے، جہاں تارکین وطن نے آئی ووٹنگ قانون پر عملدرآمد سے متعلق یادداشت جمع کرا دی۔ چیئرمین اوورسیز پاکستانی شاہد رانجھا کا کہنا تھا کہ ووٹ کا حق دینے پر وزیراعظم کے شکر گزار ہیں، ہمارے ووٹ کے حق پر سیاست کی جا رہی ہے، اوورسیز ووٹرز کو بلدیاتی انتخابات میں سہولت دیں، قانون سازی پر عملدرآمدروکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
شاہد رانجھا نے کہا کہ امید ہے الیکشن کمیشن کوئی راستہ ڈھونڈنے میں کامیاب ہوگا، اوورسیز ووٹرز آئندہ انتخابات میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔