لاہور: (دنیا نیوز) این اے 133 میں ضمنی الیکشن کیلئے میدان کل سجے گا۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ پولنگ کے لئے سامان کی ترسیل شروع کر دی گئی۔
ن لیگ کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے اسلم گل مدمقابل ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر مقابلے کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکے ہیں، ضمنی الیکشن میں مجموعی طور پر 11 امیدوار میدان میں ہیں۔
این اے 133 میں 254 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جبکہ 4 لاکھ 40 ہزار 85 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 558 ہے، 2 لاکھ 6 ہزار 927 خواتین بھی ووٹرز میں شامل ہیں۔
ریٹرننگ آفیسرز کی نگرانی میں پولنگ کے سامان کی ترسیل کی گئی۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے حلقے کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ پولنگ کے سامان کی ترسیل کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
لاہور پولیس نے این اے 133 میں ضمنی الیکشن کے لئے مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔