لاہور: (دنیا نیوز) این اے 133 ضمنی انتخاب کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدواروں کی نا اہلی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں این اے 133 ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی نا اہلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس مزمل اختر شبیر نے این اے 133 سے امیدوار سہیل شہزاد کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے سماعت کے دوران درخواست گزار کو کہا کہ آپ کو ضلعی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنا چاہئے تھا۔ متعدد بار خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کو خود امیدواروں کیخلاف کاررواٸی کرنا چاہئے تھی۔
سرکاری وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھا دیا۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ ضلعی الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف یہ ای سی پی میں اپیل دائر کرسکتے ہیں۔
اس پر عدالت نے کہا کہ جب داد رسی کیلئے ایک فورم موجود ہو عدالت حکم جاری نہیں کرسکتی۔
یاد رہے کہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی نے اسلم گل کو امیدوار بنایا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر شائستہ پرویز ملک الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔