لاہور: (دنیا نیوز) موسم سرما میں لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش کے باعث خواتین کو گھریلو امور نمٹانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ صبح کا ناشتہ کئے بغیر طلبہ سکول و کالج اور شہری کام کاج پر جانے پر مجبور ہوگئے۔
موسم سرما میں لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ سے کئی علاقوں میں کم پریشر کی شکایات بھی بڑھ گئیں۔ جلو گاؤں کے مکین سوئی گیس سے محروم ہیں، جس سے معمولات زندگی شدید متاثر جبکہ شہری بازار سے کھانا منگوانے پر مجبور ہوگئے، جس کے باعث مہنگائی کے دور میں جیب پر مزید بوجھ پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی آتے ہی سوئی گیس آنا بند ہوجاتی ہے، ایل پی جی کی قیمتیں غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں، لکڑی کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سوئی گیس کمپنی کو با رہا درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، وزیراعلی معاملے کا نوٹس لے کر سوئی گیس کا مسئلہ حل کروائیں۔