کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اور بلوچستان کے سی این جی سٹیشنز کو یکم دسمبر سے ڈھائی ماہ تک کے لئے گیس کی فراہمی معطل رہے گی، سوئی سدرن گیس کمپنی نے اعلامیہ جاری کردیا۔
حکومت کے منظور کردہ گیس لوڈ مینجمنٹ کے ترجیحی آرڈر کے مطابق گھریلو اور تجارتی صارفین سرفہرست ہیں اور انکو گیس کی فراہمی کے لیے خاص طور پر بلوچستان کے صارفین کو جو پہلے سے ہی سردیوں کے موسم کا سامنا کر رہے ہیں، سندھ اور بلوچستان کے تمام سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت یکم دسمبر 2021 سے 15 فروری 2022 تک گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔
اس عرصے میں تمام عام صنعتوں، زیرو ریٹیڈ ایکسپورٹ انڈسٹریز بشمول اسکے کیپٹیو پاور پلانٹس اور فرٹیلائزر سیکٹر کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔ ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی نے اس معاملے پر سی این جی سیکٹر سے اس بات کی توقع ظاہر کی ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ان کا تعاون حاصل رہے گا۔