شہباز شریف کا بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

Published On 09 December,2021 10:59 pm

لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کے "سستے پاکستان" میں بجلی مزید مہنگی ہوگئی، یہ ہے "سستے پاکستان" کی اصل حقیقت ،حکومت الٹی چھری سے قوم کو ذبح کر رہی ہے، عوام کے سینوں میں کھولتا لاوا اور نفرت پاکستان کے لئے اچھی علامت نہیں ہے جبکہ ہر ماہ بجلی کے بل عوام کے گھروں پر مہنگائی کا کوڑا بن کر برستے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ظالم حکومت بے حسی کے ریکارڈ توڑ چکی ،آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کیاگیا، عمران خان کہتے تھے بجلی کی قیمت بڑھانے والا وزیراعظم چور ہوتا ہے جبکہ نیپرا کا نوٹیفیکیشن عمران نیازی کو بھیجا جائے تاکہ انہیں "سستے پاکستان" میں غریبوں کی سچائی کا شایدکچھ احساس ہو ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں "سستی ترین" حکومت عوام کے لئے تاریخ کی مہنگی ترین، نالائق ترین اور کرپٹ ترین ثابت ہوئی ہے ،حکومت نے بجلی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی پھر بھی گردشی قرض دگنا ہوگیا ،حکومت مہنگائی میں اضافے اور قومی آمدن میں کمی کی دہری تلوار سے عوام کا معاشی قتل عام کر رہی ہے ۔

شہبازشریف نے کہا کہ مہنگے ترین ایندھن سے بجلی بنا کر مافیاز کی جیبیں بھرنے والی حکومت کے خلاف ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا سروے تازہ چارج شیٹ ہے ،مہنگی ترین ایل این جی سے پہلے ہی قوم کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے ،یہ حکومت نہیں، اندھیر نگری اور چوپٹ راج ہے، اس سے نجات میں ہی ملک اور قوم کی حیات ہے۔