لاہور:(دنیا نیوز)این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز ،صدر شہباز شریف ودیگر نے مبارکباد پیش کی ہے۔
لاہور کے حلقہ این اے 133کے ضمنی الیکشن میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک کامیاب ہوچکی ہیں جس پر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں اللّہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ شیروں کو مبارک ہو۔
اللّہ کا شکر
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) December 5, 2021
شیروں کو مبارک pic.twitter.com/TNfPZMK8GN
شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے این اے 133میں کامیابی پر کہا کہ ہم آج کی جیت کے لیے اللہ کے حضور عاجزی کے ساتھ سر جھکاتے ہیں، میں اس کامیابی کو اپنے دوست اور بھائی مرحوم پرویز ملک کے نام کرتا ہوں، مرحوم پرویز ملک شریف آدمی، عوامی خدمت کے لیے وقف اور نواز شریف کے عظیم ساتھی تھے،این اے 133میں ان کے غیر متزلزل اعتماد کے لیے شکر گزار ہوں۔
انہوں نے عوام اور پارٹی رہنماؤں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے عوام کی جانب سے ہمیشہ کی طرح مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کے اظہار پر شکر گزار ہیں۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ کی طرح عوام کے اعتماد اور آرزوؤں پر پورا اترے گی ،کامیابی پر شائستہ پرویز ملک کو مبارک پیش کرتا ہوں۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ ضمنی انتخاب میں بھرپور محنت اور دن رات خدمت کرنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
حمزہ شہباز شریف
این اے 133 میں کامیابی پراپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی کامیابی پر کارکنان کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جیتنے والی امیدوار شائستہ پرویز کو بھی مباررکباد پیش کرتا ہوں، مسلم لیگ ن نے ہر ضمنی الیکشن میں ثابت کیا ہے کہ وہ مقبول ترین جماعت ہے ۔
حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ عوام اپنے گھمبیر مسائل کے حل کے لئے مسلم لیگ ن کی طرف دیکھ رہے ہیں،عوام اب باتوں، دعوؤں اور نعروں کے فریب میں آنے والے نہیں ،اب صرف وہ کارکردگی مانگ رہے ہیں۔
علی پرویز ملک
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور این اے 133ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے والی شائستہ پرویز ملک کے صاحبزادے علی پرویز ملک نے کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کےشکرگزارہیں، پنجاب میں پیپلزپارٹی کا مکروہ چہرہ بےنقاب ہوچکا ہے،بلاول بھٹو کراچی کا کچرا نہیں اٹھاسکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں ووٹوں کا ٹرن آؤٹ کم ہی رہتا ہے جبکہ ویڈیو سکینڈل پر آر او نے کمیٹی بنادی ہے۔