بتایا جائے سزا دینے والے جملے ثاقب نثار کی کس تقریر کے ہیں؟ مریم نواز

Published On 24 November,2021 02:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ بتایا جائے سزا دینے والے جملے ثاقب نثار کی کس تقریر کے ہیں؟ کیا شوکت عزیز صدیقی کی ویڈیو بھی جھوٹی ہے، گلگت بلتستان کے چیف جج کا بیان حلفی بھی سامنے آچکا، ثاقب نثار صاحب جرات کریں، سامنے آئیں، کس نے آپ کو مجبور کیا ؟ آج یا کل سچ قوم کو بتانا ہوگا۔

 پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ثاقب نثار صاحب کی کسی دوسرے صاحب کیساتھ ایک آڈیو منظر عام پر آئی، پتا نہیں ثاقب نثار کس سے گفتگو کر رہے تھے، سابق چیف جسٹس کی آڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پروپیگنڈا شروع ہوگیا، آڈیو کی فرانزک ایک امریکی ادارے نے کی ہے، آڈیو کے ساتھ امریکی فرانزک رپورٹ بھی ہے، آڈیو کو جھوٹ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی، ثاقب نثار کا پہلا ردعمل تھا یہ تو میری آواز ہی نہیں، آڈیو کو جعلی ثابت کرنے کیلئے دن رات کوششیں شروع ہوگئیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار کی آڈیو میں کہا گیا فیصلے ادارے دیتے ہیں، نواز شریف کو سزا دینی ہے، آڈیو میں کہا گیا مریم نواز کو بھی سزا دینی ہے، نہیں بھی بنتی تو دینی ہے، کہا گیا کہ عمران خان کو لانا ہے، قوم کو دکھایا جائے کس تقریر سے ان کی آواز لی گئی، سب سے پہلی گواہی جسٹس شوکت عزیز کی ہے، انہوں نے سنگین الزامات لگائے، ثاقب نثار نے کس تقریر میں کہا عمران خان کو لانا ہے ؟ بتایا جائے سزا دینے والے جملے ثاقب نثار کی کس تقریر کے ہیں؟۔

لیگی رہنما نے کہا کہ آڈیو ثاقب نثار کے خلاف چارج شیٹ ہے، آپ نے اپنی آڈیو میں خود کہا کہ عمران خان کو لانا ہے، چیف جج گلگت بلتستان کا بیان حلفی بھی سامنے آیا ہے، ملک میں انصاف کس طرح عمل میں لایا جاتا ہے، یہ سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو آپ نے تاحیات نا اہل کر دیا، مجھے کوئی عوامی عہدہ رکھے بغیر 7 سال کیلئے نا اہل کر دیا، کروڑوں ووٹ لینے والا وزیراعظم اپنے خاندان سمیت عدالتوں کے چکر لگاتا رہا، رانا ثنا اللہ پر منشیات کا کلاسک کیس بنایا گیا، سینیٹ انتخابات میں ن لیگ کے سینیٹرز سے شیر کا نشان چھین لیا گیا۔

 

Advertisement