لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے تو صادق اور امین ہوسکتے ہیں قوم کے نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کاکہنا تھا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کی رسیدیں دیں۔یہ ثاقب نثارکے توصادق اورامین ہوسکتے ہیں قوم کے نہیں، ان کے شاہانہ اخراجات کو کون پورا کرتا ہے، عمران نیازی مجھ سے کم ٹیکس دے کر300کنال کے اخراجات کون پورا کرتا ہے۔ بتایا جائے کونسی اے ٹی ایم یہ اخراجات برداشت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن شرائط پربیرون ممالک سے پیسے لیے گئے شرائط کو ایوان میں لایا جائے، عمران نیازی نے نااہلی، ناکامی کی وجہ سے پاکستان کی خودمختاری کا سودا کردیا ہے، ان کا خسارہ بے قابوہوا توعمران حکومت نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرض لیے، آئی ایم ایف سے قرض لینے پر خود کشی کرنے کی بات کرنے والے نے پاکستان کوبھکاری بنادیا ہے۔ عمران نیازی نے پاکستان کوبھی چندا اکٹھا کرنے پرلگادیا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ہمارے اوپر کراچی میں تشدد کروایا، ہم نے کبھی سکیورٹی اداروں کو سیاسی مخالفین کو ڈنڈے مارنے کے لیے استعمال نہیں کیا تھا، بدقسمتی سے حکومت نے اداروں کو استعمال کیا ان کا تشخص مجروح ہوتا ہے، سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کودیکھنا چاہیے ایسے اقدام نہیں ہونے چاہئیں۔