اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سال 2018 میں نالائقوں کی حکومت بنی جس نے شہباز شریف کیخلاف ہر قسم کا جھوٹا کیس بنایا، عوام کو ریلیف دینے پر شہباز شریف کو نشانہ بنایا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور مریم نواز کو جیل میں ڈال کر آر ٹی ایس بٹھایا گیا۔ حکومت نےکوشش کی شہبازشریف کو بھی جیل میں ڈالا جائے مگر ان کے خلاف کچھ ثابت نہیں ہوا۔ شہباز شریف نے خود کہا کہ ان کے خلاف دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوئی تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے اور قوم سے معافی بھی مانگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل کے رپورٹر کے ذریعے جھوٹی خبرلگوائی گئی، اس خبر کے بعد ڈیلی میل کو معافی مانگنی پڑی۔ نیب نیازی گٹھ جوڑکے دوران لندن کورٹ کے فیصلے آئے۔ جو کام نیب سے لینا چاہتے تھے وہی ایف آئی اے کے حوالے کیا۔ ترجمان نے حکومتی شخصیات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے کیسز کا کوئی احتساب نہیں کیا جا رہا۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، لوگوں کے پاس بلوں کی ادائیگی کیلئے پیسے نہیں بچے۔