آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف عدالت پیش، کارروائی 20 دسمبر تک ملتوی

Published On 13 December,2021 10:25 am

لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ ریفرنس میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف، احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان کے ہمراہ احتساب عدالت پیش ہوئے، نیب کی درخواست پر کارروائی 20 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

احتساب عدالت میں آشیانہ ریفرنس کی سماعت ، نیب نے شہباز شریف کے شریک ملزم کی بریت کی درخواست پر جواب جمع نہ کرایا جس پر نیب نے عدالت میں جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔ فاضل عدالت نے نیب کی استدعا پر کارروائی 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت کے احاطے میں شہباز شریف کا  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس سے پہلے اتنی قیامت خیز مہنگائی نہیں دیکھی، حکومت نے ہر گھر کو تباہ حال کر دیا ہے ،عوام آسمان کی جانب ہاتھ ہاتھ اٹھا کر بد دعائیں دے رہے ہیں ۔ عوام کا جینا محال ہو چکا، وہ دو وقت کی روٹی کو ترستے ہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھاکہ ادویات اور بچوں کے دودھ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں،پوری قوم ایسی صورتحال سے دوچار ہو چکی ہے جس سے خوف آتا ہے۔