اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے او آئی سی کانفرنس کے دوران فون سروس بند نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس کے دوران ہم فون بند نہیں کر رہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہفتہ اور پیر کے روز مقامی چھٹی ہوگی، پاکستان میں ایک تاریخی او آئی سی کی کانفرنس ہونے جا رہی ہے، او آئی سی کے 57 ممالک کے وفود اور وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کیلئے آ رہے ہیں، 40 سال پہلے بھی افغانستان کے مسئلےپر ہم نے کانفرنس کی تھی، او آئی سی کانفرنس پارلیمنٹ میں ہو رہی ہے، لوگوں کو مین ریڈ زون میں نقل و حرکت پر مشکلات کا سامنا کرنے پڑے تو معذرت خواہ ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں حکام کا اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کرنے والے شرکاء کی سکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکام کو ہدایت کی کہ غیر ملکی مندوبین کو فول پروف سیکورٹی دی جائے، سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، او آئی سی اجلاس میں آنے والے مندوبین ہمارے مہمان ہیں۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت سیکیورٹی کی بھی ہدایت کی۔