کوئٹہ میں بھی دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 10 افراد زخمی

Published On 18 December,2021 06:29 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کراچی کے بعد کوئٹہ میں دھماکا ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا اور 10 افراد زخمی ہیں۔

کوئٹہ کے قندھاری بازار میں دھماکا ہوا ہے، دھماکا کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

 دھماکے کے باعث گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے دھماکے والی جگہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ 4 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

اس سے قبل کراچی کے علاقے شیر شاہ میں زیرِ زمین گزرنے والے سیوریج کے بند نالے میں دھماکے میں نجی بینک کی عمارت تباہ ہوگئی جبکہ اطراف کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ نالے میں گیس بھر جانے سے ہوا، دھماکے سے نجی بینک کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ دو منزلہ عمارت نالے پر تعمیر کی گئی تھی۔ عمارت میں بینک اور دیگر دفاتر بھی موجود تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں متعد گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ پولیس اور رینجرز اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے کے نیچے لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ دھماکے کی جگہ سے ملبہ ہٹانے کیلئے مشینری طلب کرلی گئی۔ عینی شاہد کے مطابق دھماکے کے وقت بینک کھلا ہوا تھا، بینک میں معمول کے مطابق کام ہو رہا تھا۔

شیر شاہ میں ہونے والے دھماکے کے بعد وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کی ہدایت پر ٹراما سینٹر اور جناح اسپتال میں ایمرجنسی نافد کردی گئی۔

عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی ہر ممکن طبی امداد کی جائے گی، زخمیوں کی زندگیاں بچانے کے لیے تمام و سائل استعمال کیے جائیں۔ شیر شاہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، آٹھ ابھی بھی زیر علاج ہیں، 8 کو طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا، دو افراد وینٹلیٹر ہیں۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے اور کراچی میں فکس اٹ کے متحرک رہنما عالمگیر خان کے والد جاں بحق ہو گئے، ان کے دھماکے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج نے کی۔

 

Advertisement