بلدیاتی الیکشن:بنوں، نوشہرہ اور پشاورکی 3تحصیلوں کے نتائج روک دیے گئے

Published On 24 December,2021 09:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کی تحصیل ککی اور پشاور کی تحصیل متھرا اور تحصیل نوشہرہ میں چیئرمین شپ کے انتخابی نتائج روک دیے۔

الیکشن کمیشن میں خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں تحصیل ککئی اور پشاور کی تحصیل متھرا کے چیئرمین کے الیکشن نتائج روک دیے گئے۔

کیس کی سماعت نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی، الیکشن کمیشن نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔

بنوں کی تحصیل ککی میں تحریک انصا ف کے جنید رشید کامیاب ہوئے تھے، جن کی کامیابی جماعت اسلامی، جمعیت علماء اسلام اور آزاد امیدوار نے چیلنج کی تھی۔

دوسری طرف پشاور کی تحصیل متھرا کے ابتدائی نتائج میں جمعیت علماء اسلام کے فرید اللّٰہ کامیاب قرار پائے تھے۔

الیکشن کمیشن میں فرید اللّٰہ کی کامیابی جماعت اسلامی کے افتخار احمد نے چیلنج کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کردیے اور ریکارڈ سمیت 29 دسمبر کو طلب کرلیا ہے۔

دوسری طرف نوشہرہ میں دھاندلی کے الزام کے بعد نوشہرہ اور جہانگیرہ تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج روک لیئے گئے۔ شکایات کا جائزہ لینے کے بعد نتائج روکے گئے ۔ نوشہرہ اور جہانگیرہ تحصیلوں پر امیدواروں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات لگائے گئے تھے۔ امیدواروں کی جانب سے درخواستیں دینے کے بعد الیکشن کمیشن نے رزلٹ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ تحصیل چیئر مین شپ نوشہرہ کا الیکشن وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے بیٹے اسحق خٹک نے جیتا تھا۔
 

Advertisement