'راناشمیم کاحلف نامہ توہین عدالت، اداروں پراثرانداز ہونےکی کوشش کی جارہی'

Published On 26 December,2021 07:46 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاداکبر نے کہا ہے کہ نوازشریف نےاپیل کی ہےکہ نہیں یہ کوئی نہیں بتاسکتا، راناشمیم کاحلف نامہ تسلسل کی جانےوالی کوششوں میں سےایک ہے، جو خبر چھپی وہ حیران کن ہے ، راناشمیم کاحلف نامہ توہین عدالت ہے اوراداروں پراثرانداز ہونےکی کوشش کی جارہی ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام اختلافی نوٹ  میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ توہین عدالت سوچ سمجھ کر کی گئی ،یہ لوگ چوری میں بھی کچےہیں،رانا شمیم کا حلف نامہ توہین عدالت ہے اور عدلیہ کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

شہزاد اکبر کا مزید کہنا تھا کہ حلف نامہ اس کےسامنےدیاگیا جس کوفائدہ ہوگا، نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت حکومت نےنہیں دی، شہبازشریف نے ضمانت دی تھی،یہ لاڈلےضمانتی ہیں ان کےساتھ کچھ الگ سلوک رکھا جاتا ہے۔

قبل ازیں معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ شریف خاندان نےعدلیہ پر حملے کی منصوبہ بندی کی، جو کچھ بھی تھا، قابل اعتراض اور پہلے سے طے شدہ تھا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاداکبر نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ انکشاف ہوا نواز شریف نے رانا شمیم سے حلف نامے پر دستخط کرائے۔ بڑا سوال یہ ہے صحافی کو قابل اعتراض حلف نامہ کس نےدیا، راناشمیم نے کہا تھا حلف نامہ سیف میں ہے، کیا ان پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔

رانا شمیم نے ثاقب نثار کیخلاف حلف نامہ نواز شریف کے دفتر میں نوٹرائز کرایا:فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ رانا شمیم نے ثاقب نثار کیخلاف حلف نامہ نواز شریف کے دفتر میں نوٹرائز کرایا ، نئے انکشافات نےایک بار پھر شریف فیملی کو سسیلین مافیا ثابت کر دیا ہے۔

وزیراطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ رانا شمیم نے جسٹس ثاقب نثار اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج صاحبان کیخلاف حلف نامہ نوازشریف کے دفتر میں ان کے سامنے نوٹرائز کرایا۔ ثابت ہو گیا یہ مافیا اداروں کو کس طرح بلیک میل کرنےکی صلاحیت رکھتا ہے۔

گذشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملکی تاریخ میں نوازشریف کا باب اب بند ہوچکا ہے۔ ہم تو حق میں ہیں انہیں واپس لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی نااہلی ختم کرنے کے لیے راستے نکالے جا رہے ہیں۔ لیگی قائد کی کرپشن نیب لا میں ثابت ہوچکی ہے، سیاسی بونے اپنا قد بڑھانے کے لیے اس طرح کی باتیں کرتے ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد ڈبل نااہل ہیں، ایک سپریم کورٹ سے جبکہ دوسری جانب سے وہ نیب لاء میں بھی نا اہل ہیں۔

رانا شمیم ن لیگ وکلا ونگ کے عہدیدار، صاحبزادے نے ٹی وی پر تسلیم کیا: فرخ حبیب

وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ رانا شمیم ن لیگ وکلا ونگ کے عہدیدار ہیں، یہ بات ان کے صاحبزادے نے خود ٹی وی پر تسلیم کی۔

وزیر مملکت فرخ حبیب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ نوازشریف نے عدلیہ پر حملے کیلئے بیان حلفی بھی اپنی موجودگی میں تحریر کرایا، یہ بہت بڑا انکشاف ہے ،اسی لئے تو انہیں گارڈ فادر کہا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رسی جل گئی ہے مگر بل نہیں گیا۔




 

 

Advertisement