'عنقریب نواز شریف وطن واپس آنے والے ہیں'

Published On 23 December,2021 05:19 pm

لاہور:(دنیا نیوز)سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عنقریب نواز شریف وطن واپس آنے والے ہیں۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے کہاہے کہ مخالفین خوفزدہ ہیں کہ کہیں شہباز شریف لندن نہ چلے جائیں، آئندہ لندن گیاتو نوازشریف میرے ساتھ آئیں گے ، ان کی مسکراہٹ سے اندازہ لگالیں کچھ ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یقین سے کہتا ہوں کہ عمران خان سے زیادہ ڈرپوک آدمی سیاست میں نہیں ہے،ان کی گڈ گورننس بیڈ گورننس بن چکی ہے جبکہ نواز شریف نے اپنے سارے فیصلے اللہ کی عدالت میں چھوڑ دیئے ہیں۔

نوازشریف کیس: کب کیا ہوا؟

21 اور 22 اکتوبر 2019 کی درمیانی شب نواز شریف کی طبعیت خراب ہوئی اور اسپتال منتقل کیاگیا
25 اکتوبر، چودھری شوگر ملز کیس میں طبی بنیاد پر نواز شریف کی ضمانت منظور ہوئی
26 اکتوبر،العزيزيہ ریفرنس میں انسانی بنیادوں پر نوازشریف کی عبوری ضمانت منظور ہوئی
26 اکتوبر، نواز شریف کو ہلکا ہارٹ اٹیک ہوا، وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے تصدیق کی
29 اکتوبر، العزيزيہ ریفرنس میں طبی بنیاد پر نوازشریف کی2 ماہ کے لیے سزا معطل کردی گئی۔
نوازشریف سروسز ہسپتال سےڈسچارج ہوئے، جاتی عمرہ میں آئی سی یوبناکرمنتقل کیا گیا
8 نومبر، شہباز شریف نے وزارت داخلہ کو نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دی
12 نومبر ، وفاقی کابینہ نے نوازشریف کو باہر جانے کی مشروط اجازت دی
14 نومبر ، ن لیگ نے انڈيمنٹی بانڈ کی شرط لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردی
16 نومبر، لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کوعلاج کےلیےبیرون ملک جانے کی اجازت دے دی
19 نومبر 2019، نواز شریف علاج کیلئے لندن روانہ ہوگئے
 

قبل ازیں سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے والد خواجہ رفیق کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اورسابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کے طول وعرض میں ایک ہی آواز ہے کہ ووٹ کو عزت دو، 74سالوں میں بڑے بڑے تجربات ہوئے، ہائبرڈ نظام بھی فیل ہوگیا، ایک تجربہ ووٹ کوعزت دووالا بھی کرکے دیکھیں، ایل این جی امپورٹ نہ کرکے8سے11روپے مہنگی بجلی بنائی جارہی ہے، ایک مافیا نے ہزاروں ارب کا ڈاکہ مارا، عمران خان کہتا تھا آئی ایم ایف گیا تو خود کشی کر لوں گا، جوکچھ تین سالوں میں اس نے کہا اس کے ذمے تو ہزاروں خودکشیاں بنتی ہے، یہ ہر صورت منی بجٹ پیش کریںگے، اگر منی بجٹ آئے گا تو کیا ہو گا اللہ معاف کرے۔ کل یہ قومی اسمبلی کے پہلے دن کورم پورا نہیں کرسکے، ان کے اپنے بندوں کوعمران خان پراعتبار نہیں رہا، اس کے ہربندے نے رشتہ داروں کوبلدیاتی انتخابات میں کھڑے کیے، موروثی سیاست کی بات کرتا تھا، پنجاب کی باری ہے پنجاب انکے سیاسی تابوت میں آخری کیل ٹھونکے گا۔ خیبرپختونخوا سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ رکنا نہیں چاہیے، یہ سلسلہ کراچی تک چلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس منیرسے لیکرثاقب نثارتک عدلیہ سے بڑی غلطیاں ہوئیں، نوازشریف کا راستہ روکنے کے لیے کہاں کہاں مداخلتیں نہیں ہوئیں، شبرزیدی،رزاق داؤد، گورنرپنجاب کہہ رہا ہے ملک دیوالیہ ہوگیا ہے، ہمارا سٹیٹ بینک آئی ایم ایف کی برانچ بن گیا ہے، کیا اس لیے اس کولایا گیا تھا کون اس کی قیمت ادا کرے گا؟ پاکستان کی65فیصد آبادی رل گئی لوگ گردے بیچ رہے ہیں۔