لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آج ایک بار پھر لاہور میں اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کا اکتوبر 2014 میں افتتاح ہوچکا ہے، ڈی ایچ اے لاہور میں نالج پارک اکتوبر 2014 میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں بنا اور افتتاح ہوا تھا۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران صاحب شہباز شریف کے منصوبوں کے دوبارہ افتتاح چھوڑیں، گھر جانے کی منصوبہ بندی کریں، عوام کو آپ کی جھوٹی تختیاں نہیں بلکہ رخصتی چاہئیے، صبح و شام نواز شریف اور شہباز شریف پر الزام لگاؤ، جھوٹے مقدمات بناؤ اور ان کے منصوبوں پر تختیاں لگاؤ، نالج پارک کے لئے زمین کا حصول، منصوبہ بندی اور تمام کام وزیراعلی پنجاب شہباز شریف 2014 میں مکمل کر چکے ہیں، نالج پارک کے ساتھ اٹلی کی یونیورسٹی کے اشتراک سے یونیورسٹی کے قیام کا معاہدہ شہباز شریف کر چکے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی بنائی ای لائبریری کے منصوبہ اور اشتہار بھی چرانا شروع ہوگئے، 2017 قذافی اسٹیڈیم سمیت پنجاب میں 21 ای لائبریریز بنائی گئیں تھیں، عمران صاحب نے شہباز شریف کی بنائی ہوئی تمام لائبریریاں بند کر دیں، عمران صاحب نے لائبریریوں کے منصوبے کی نیب تحقیقات شروع کرائی اور فنڈز بند کرا دیئے، دسمبر 2021 میں نیب کو کوئی کرپشن نہ ملنے پر کیس بند کرنا پڑا، عمران صاحب صرف نواز اور شہباز کے منصوبوں کی تختیاں بدل کر لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔