لاہور: (دنیا نیوز) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔
ملک بھر میں موسم سرما رنگ دکھانے لگا۔ بالائی علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے۔ خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں بھی مطلع جزوی ابر آلودرہنے کے ساتھ بوندا باندی کی توقع ہے۔
کوئٹہ سمیت صوبے کے بشتر علاقوں میں موسم بدستور خشک سرد ہے۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کم از کم درجہ حرارت منفی 3، قلات میں منفی 2، گوادر اور تربت میں 13، جیونی میں 14، نوکنڈی میں 7 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اگلے 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک، سرد اور جزوی ابر آلود جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ ساحلی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان۔ تاہم کوئٹہ، چمن، پشین اور ژوب میں ہلکی بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔