وزیراعظم عمران خان کا مشن پاکستان کو مضبوط و خوشحال بنانا ہے: گورنر پنجاب

Published On 22 December,2021 11:19 am

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران کا مشن پاکستان کو مضبوط و خوشحال بنانا ہے، پاکستان میں پہلی بار اداروں میں اصلاحات پر کام ہو رہا ہے، انشاءاللہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، الیکشن 2023 میں ہونگے۔

گورنر پنجاب چودھری سرور سے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں وائس چیئرمین اوورسیز کمیشن پنجاب سید مخدوم طارق بھی شریک ہوئے۔ پہلا  اوورسیز گلوبل کنونشن  کل ہوگا، جس میں وزیراعظم عمران خان مہمان خصوصی ہونگے۔ گورنر پبجاب چودھری سرور، وزیر اعلی عثمان بزدار اور سید مخدوم طارق بھی خطاب کریں گے۔ امریکہ، برطانیہ سمیت دنیا بھر سے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں شریک ہونگے۔

چودھری سرور کا کہنا تھا کہ بھارت کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو یورپ کی سیاست میں آگے بڑھنا ہوگا، اوورسیز پاکستانی جس جس ملک میں رہتے ہیں وہاں کی سیاست میں بھی بھرپور حصہ لیں۔
 

Advertisement