شہباز شریف کسی بھی عدالت میں بلائیں،ثبوت پیش کردوں گا:شہزاد اکبر

Published On 21 December,2021 06:52 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان کےمعاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبرنے کہا ہے کہ شہبازشریف نےکہاتھاکہ وہ مجھ پرمقدمہ دائرکریں گے،آج تک ان کے نوٹس کا انتظار کررہا ہوں،چیلنج ہےمجھےکسی عدالت میں بلالیں، میں ثبوت لےکرعدالت میں پیش ہوجاؤں گا ،شہبازشریف نے قوم سے جھوٹ بولا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احتساب کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی نئی آڈیو پر مریم اورنگزیب کوتکلیف ہے، شہبازشریف کیخلاف دوسرےکیس میں فردجرم عائدہونےجارہی ہے، 2008اور2018کےعرصےمیں شہبازشریف کےاثاثے 7 ارب بڑھے، ایف آئی اےنےتفصیلی چالان جمع کرایاہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے 14 ملازمین کے نام پر 28 بے نامی ٹرانزیکشنز ہوئیں، ملازمین کے نام پر 16 ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ کی گئی، اگر شہبازشریف سمجھتے ہیں یہ مقدمہ جھوٹا ہے تو عدالت میں درخواست دیدیں، عدالتوں میں تمام ثبوت موجود ہیں اور ان پر فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے،شہباز شریف اور ان کے بچوں کو جواب دینا ہوگا۔

 قبل ازیں ترجمان مسلم لیگ(ن) نے نیوز کانفرنس میں الزام عائد کرتے ہوئے شہزاد اکبر کو برطانوی اخبار کا ٹاؤٹ قرار دیااور کہا کہ شہزاداکبر روز پی آئی ڈی میں بیٹھ کر کاغذ لہراتےتھے ،عمران خان نے شہبازشریف کے خلاف ڈیلی میل کی سٹوری پلانٹ کرائی اور وہ مافیاز کے ماسٹر مائنڈ ہیں، شہبازشریف کو عدالت نےضمانت دی،کیوں نہیں آج تک عدالت میں ثبوت دیئےگئے، ڈیوڈ روز نےسٹوری کیس میں لندن میں آج 5 ویں بار ایکسٹیشن لی ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ آج عوام سوچ رہے تھے کہ کابینہ بجلی گیس سستی کرنے کا اعلان کرے گی، فواد چودھری نے معاشی اشاریے درست ہونے کے دعوے کئے، کے پی کے میں تبدیلی کو گھر جانے کا کہہ دیا گیا ہے ، فواد چودھری نے کہا کہ نوازشریف نے ماضی میں بھاری قرضے لئے ، اس حکومت نے بیس ہزار ارب کے قرضے لئے ، لندن میں شہزاد اکبر نے ڈیلی میل کی پلانٹڈ خبر پر پانچویں مرتبہ التوا مانگا ہے،عمران خان نے ڈیوڈروز کو بلاکر ڈیلی میل کی سٹوری پلانٹ کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح بشیر میمن کو بلاکر نوازشریف اور شہبازشریف کے خلاف مقدمات بنانے کا کہا تھا، بالکل اسی طرح عمران خان نے اپنے ٹاؤٹ شہزاد اکبر کے ذریعے یہ سٹوری پلانٹ کرائی تھی ، ڈی فیڈ فنڈ میں کرپشن کے الزامات لگائے گئے ، کرپشن کے رنگ لیڈر نے شہبازشریف پر کرپشن کے الزامات لگوائے۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ ایف آئی اے کیس کو سوا سال ہوگیا جس میں نیب کی بھی بس ہوگئی، لندن کورٹ کےفیصلےمیں آیاشہبازشریف کیخلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، یہ ثبوت اس لیے نہیں دےپاتےکیونکہ کرپشن ہوئی ہی نہیں ہے،شہزاداکبرپاکستان میں کوئی ثبوت نہیں دےسکے لندن میں کیا ثبوت دیتے،ڈیلی میل کےوکیل نےکہا کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ہے،صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہا ہے،اقتدارپرمسلط وزیراعظم عمران خان شہبازشریف کےخوف میں مبتلا ہیں۔

Advertisement