’مالی جرائم میں ملوث ملزمان کی بیرون ممالک پراپرٹیز یا گرفتاری پر کام ہو رہا ہے‘

Published On 29 December,2021 06:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) : ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون وقار چوہان نے کہا ہے کہ مالی جرائم میں ملوث ملزمان کی بیرون ممالک پراپرٹیز یا گرفتاری کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں انٹر پول اور دیگر اداروں سے تعاون میں بھی اضافہ کیا گیا ہے

ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہنڈی اور حوالہ کا غیر قانونی کام کرنیوالوں کیخلاف بڑی مہم شروع کر رکھی ہے، منی لانڈرنگ اور بدعنوانی پر سینکڑوں ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں، 46 مقدمات میں منی لانڈرنگ کے ذریعے کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، 46 مقدمات میں ملزمان سے 208 ملین روپے برآمد کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 9 ماہ کے دوران غیر قانی حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنیوالوں کیخلاف 312 مقدمات درج کیے گئے، ان مقدمات میں 857 ملین کی رقم برآمد کرائی جا چکی ہے، مقدمات میں گرفتار افراد کیخلاف عدالتوں میں کیسز زیر سماعت ہیں، مالی جرائم میں ملوث ملزمان کی بیرون ممالک پراپرٹیز یا گرفتاری کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں انٹر پول اور دیگر اداروں سے تعاون میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، نو ماہ کے دوران 650 سے زائد میوچل لیگل اسسٹنس کی درخواستیں انٹرپول کو بھجوائی گئی ہیں۔

وقار چوہان کا مزید کہنا تھا کہ حوالہ ہنڈی کے 460 لوگوں، کرپشن 63 اور دیگر جرائم کے 164 میوچل لیگل اسٹنٹس کی درخواستیں بھیجی گئی، فنانشل کرائم میں ملوث 14 کمپنیوں کیخلاف منی لانڈرنگ کے تحت پرچہ درج کیا، منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت 77 لوگوں کیخلاف انفرادی طور پر کیسز رجسٹرڈ کیے، غیر قانونی کرنسی ڈیلرز کیخلاف بھی کاروائی شروع کی، یکم۔دسمبر سے 28 سمبر تک95 غیر قانونی کرنسی ڈیلرز کیخلاف مقدمات درج کیے اور لاکھوں روپے برآمد کیے، یکم جنوری سے اب تک ایف آئی نے 335 مقدمات غیر قانونی کرنسی کے درج کیے اور 1273 ملین کی ریکوری کی۔
 

Advertisement