اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق بیوروکریٹ کی سیٹیزن پورٹل پر شکایت پر وزیراعظم نے فوری نوٹس لیتے ہوئے 10 دہائیوں پرانا زمینی تنازعہ حل کر دیا۔ شکایت کرنے والے شہری کو 100 سال بعد زمین کا قبضہ واپس مل گیا۔
سابق فیڈرل ایڈیشنل سیکرٹری نے دادی کی زمین نہ ملنے پر پورٹل پر شکایت درج کروائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میری دادی اور ان کی بہنوں کی زمین پر 100 سال سے چچا زاد بھائی قابض تھے، بار بار منت سماجت کے باوجود زمین ہمیں واپس نہیں دی جا رہی تھی، سیٹیزن پورٹل پر شکایت درج کروائی تو فوری ایکشن لیا گیا۔
سابق فیڈرل ایڈیشنل سیکرٹری احسن ملک نے کہا کہ محکمہ ریونیو خوشاب نے زمین کا انتقال کر کے ہمارے نام منتقل کر دی، وزیراعظم پاکستان عمران خان کا خاص طور پر شکر گزار ہوں، دعا ہے ملک آپ کے ویژن کے مطابق آگے چلے۔