لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ساڑھے تین سال بعد بھی عمران خان کا منی بجٹ لانے کی وجہ گذشتہ حکومتوں کو قرار دینا دماغی خلل کا نتیجہ ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ آج حکومت منی بجٹ نہیں عوام کے معاشی قتل عام کے پروانے کی کابینہ سے منظوری لینے جا رہی ہے، 350 ارب کے منی بجٹ کے ذریعے لگنے والے ٹیکسوں سے جو سیکڑوں اشیاء مہنگی ہونے جا رہی ہیں اس کا عام مہنگائی پر اثر نہیں پڑے گا ؟۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران حکومت کا واحد معاشی مقصد اب صرف عوام سے ٹیکس بٹورنا رہ گیا ہے، حکمران مال بنانے میں مصروف ہیں اور عوام فاقوں سے خودکشی پر، حکومت نے عوام کو لنڈے کے کپڑوں تک کا نہیں چھوڑا، پیک فوڈ ، بجلی، پیٹرول ، دالیں اور گھی سمیت دیگر اشیاء اس منی بجٹ کے مرہون منت مزید مہنگی ہو جائیں گی۔