وزیراعظم کی ای لنک کے ذریعے ضلعی عدالت میں پیشی کی ویڈیو منظرعام پر آ گئی

Published On 31 December,2021 11:31 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ای لنک کے ذریعے ضلعی عدالت میں پیشی کی ویڈیو منظرعام پرآگئی، وزیراعظم 17 دسمبر کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ایند سیشن جج کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

سماعت کے آغاز پر وزیراعظم عمران خان سے سچ بولنے کا حلف لیا گیا، جج نے وزیراعظم عمران خان سے بیان حلفی اور دستخطوں کی تصدیق کی۔ وزیراعظم نے کہا میں نے اوتھ کمشنر کی موجودگی میں بیان حلفی پر خود دستخط کئے۔

جج نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ آپ بیان حلفی میں لکھے ہوئے مندرجات سے بھی واقف ہیں؟ جس پر وزیراعظم نے کہا جی بالکل میں نے خود اپنے وکیل ولید اقبال کو بیان حلف لکھوایا تھا، میں نے بیان حلفی میں جو بھی معلومات دیں وہ سچ پر مبنی ہیں، بیان کے ساتھ منسلک کاغذات کے بھی درست ہونے کی تصدیق کرتا ہوں، تصدیق مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم نے جج سے رخصت کی اجازت مانگی۔

جج نے تصدیق کا عمل مکمل ہونے پر وزیراعظم کو جانے کی اجازت دے دی۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خواجہ آصف کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کررکھا ہے۔ مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف نے شوکت خانم ٹرسٹ پر الزامات عائد کئے تھے۔
 

Advertisement