2022 پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک بہترین سال ہو گا: ترجمان پنجاب حکومت

Published On 01 January,2022 12:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ 2022 پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک بہترین سال ہوگا۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے ویڈیو پیغام میں نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو نئے سال کی خوشیاں بہت مبارک ہوں، آج یہ یاد رکھنا بہت ضروری ہے کہ 2021 پنجاب کی ترقی کا سال تھا، 2021 میں پاکستان کورونا سے باہر آیا، معیشت کا پہیہ چلا جبکہ ہماری پالیسی زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسینیٹ کرنا تھی، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ صحت نے تیزی سے صوبے میں ویکسی نیشن مہم چلائی۔

حسان خاور کا مزید کہنا تھا کہ جنوری 2021 میں 5 ارب کی لاگت سے لاہور شیخوپورہ دو رویہ روڈ کا سنگِ بنیاد رکھا گیا، اس کے ساتھ پاکستان میں پہلی دفعہ ٹائیفائڈ کی ویکسی نیشن متعارف کرائی گئی، لاہور میں دوررس نتائج کے حامل سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا سنگِ بنیاد بھی رکھا گیا، ماہِ جون 2021 میں حکومت پنجاب نے تاریخ ساز بجٹ دیا اور 337 سہولت بازاروں کے قیام سے عام آدمی کو مہنگائی کے دوران ریلیف بھی دیا گیا۔