ن لیگی ایم پی اے بلال یاسین قاتلانہ حملے میں زخمی،ہسپتال منتقل

Published On 31 December,2021 08:25 pm

لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ایم پی اے بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کیا گیا،گولیاں لگنے سے زخمی ہونے پر میو ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پر ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

تفصیلات کے مطابق رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) اور سابق صوبائی وزیر بلال یاسین پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ 

ایس ایس پی مستنصر فیروز کے مطابق بلال یاسین پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ موٹر سائیکل پر پی ایم ایل این ہاؤس جا رہے تھے، جب وہ پی ایم این ہاؤس کے قریب رکے تو دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلال یاسین کے ٹانگ اور جسم کے دیگر حصوں میں گولیاں لگیں،ان کو طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔

میو ہسپتال کے ایم ایس کی جانب سے بتایا گیا کہ بلال یاسین کو2 گولیاں پیٹ اورایک ٹانگ میں لگی۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے ایم پی اے بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

انہوں نےسیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کی جائے ۔

سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نےواقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی اور واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق لیگی رہنما بلال یاسین کو گولیاں لگنے کا معاملے پر ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر محمد عابد خان میو ہسپتال پہنچے اور ایس پی سٹی کوفوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں،جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائیگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بلال یاسین پر 2نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی،ایم پی اے کو طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا کہ سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں کے ذریعے ملزمان کو ٹریس کیا جائے۔

بیٹا بلال یاسین

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کے بیٹے وہاب بلال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدبلدیاتی الیکشن کےحوالےسےعلاقےکےدورےپرتھے کہ اس دوران نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پرفائرنگ کردی۔

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا نوٹس

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے اور بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ 

وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کا نوٹس

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بھی بلال یسین پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی جائیں۔

شہباز شریف کی بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پارٹی رہنما پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلال یاسین پر فائرنگ دہشت گردی ہے، مجرموں کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے ۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ بلال یاسین کی زندگی اور صحت کے لئے فکر مند ہوں، اللہ تعالی انہیں صحت کاملہ عطا فرمائے اورپارٹی کارکنان اور قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ بلال یاسین کی زندگی اور صحت کے لئے دعا فرمائیں۔

بعدازاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا بلال یاسین سے فون پر رابطہ ہوا، انہوں نے زخمی بلال یاسین سے بات کی اور گفتگو کرتےہوئے کہا کہ اللہ کا شکر اداکرتے ہیں کہ آپ کی زندگی محفوظ رہی۔

مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی واقعہ کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شدید مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ ‏مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی اور نواز شریف کے باوفا ساتھی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ، پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگیں لیکن اللّہ نے بچا لیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود حالت خطرہ سے باہر ہے اور اللّہ انھیں جلد اور مکمل شفا عطا فرمائے، سب سے دعا کی درخواست ہے ۔

 حمزہ شہباز

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے ایم پی اے بلال یاسین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ،منتخب رکن اسمبلی پر فائرنگ لاہور میں بدترین امن و امان کی منہ بولتی تصویر ہے، بلال یاسین پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، بلال یاسین کی صحت کے لیے دعا گو ہوں اللہ تعالیٰ ان کو جلد صحتیابی عطاء فرمائے۔

راناثناء اللہ

مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر راناثناء اللہ نے بھی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بلال یاسین ن لیگ کے جانثار ساتھی ہیں ،ان پر حملے نے پنجاب میں امن و امان کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ،پنجاب میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے ،پنجاب پولیس ملزمان کو فوری گرفتار کرے ،ملزمان کو بے نقاب کیا جائے اور کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

Advertisement