طیب اسلم نے سی ایم پنجاب اوپن سکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

Published On 31 December,2021 08:18 pm

لاہور:(دنیانیوز)پاکستان کے نمبر ون طیب اسلم نے چیف منسٹر (سی ایم) پنجاب اوپن سکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔

سی ایم پنجاب انٹرنیشنل اوپن سکواش چیمپئن شپ اختتام پذیرہوگئی،فائنل میں پاکستان کے نمبر 1 طیب اسلم اور نمبر 3 اسرار احمد مد مقابل ہوئے،طیب نے ایک کے مقابلے میں 4 سیٹ سے میچ جیت کر ٹائٹل حاصل کیا۔

فاتح سٹارنے پہلا سیٹ 4 کے مقابلے میں 11پوائنٹس سے جیتا،دوسرے سیٹ میں اسرار احمد نے کم بیک کرتے ہوئے 8 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے سیٹ اپنے نام کیا ،طیب اسلم نے تیسرا سیٹ گیارہ، چھ اور چوتھا سیٹ گیارہ، چار سے جیت کر فائنل جیت لیا۔

صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور بھٹی فائنل کے مہمان خصوصی تھے،سابق ورلڈ چیمپئن جان شیر خان، صدر پنجاب سکواش نورالامین مینگل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اختتامی تقریب کے موقع پر مہمانوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے،کھلاڑیوں میں 6 ہزار ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی گئی۔