2022انتخابات کا سال،ن لیگ اقتدار اور ہمارے قائد واپس آئیں گے:احسن اقبال

Published On 02 January,2022 06:12 pm

نارووال:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کے اعصاب پر نوازشریف سوار ، تبدیلی سرکار کو عوام کی کوئی فکر نہیں ، 2022انتخابات کا سال ہے ،ہمارے قائد بھی واپس آئیں گے اور ن لیگ بھی اقتدار میں آئے گی۔

نارووال میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت صبح شام نواز شریف فوبیا میں مبتلا ہے ، جب ان کی صبح ، شام ہوتی نواز شریف ان کے اعصاب پر سوار ہوتے ہیں،جب یہ سوتے ہیں خواب میں نواز شریف کو دیکھ کر ہربڑا کر اٹھ بیٹھتے ہیں ، ان کی پوری کابینہ کا اجلاس نواز شریف کے اوپر ہوتا ہے ۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے ، پاکستان کے عوام مہنگائی میں کچلے جا چکے ہیں ، پاکستان کے کسان اورمزدور کی کوئی فکر نہیں ہے ، ان کو بس یہ فکر ہے نواز شریف نہ آجائے ،نواز شریف آ گیا تو کیا ہوگا ، نواز شریف بھی اب آئے گا اورمسلم لیگ ن بھی واپس آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2022 ملک میں نئے انتخابات کا سال ہو گا ، وہ جعلی حکومت جو دھاندلی کا مینڈیٹ لے کر آئی تھی اب اس کے واپس پویلین میں جانے کا وقت ہو گیا ہے کیونکہ یہ مہنگائی کے باؤنسر سے زخمی ہوگئی ہے ، عمران نیازی صاحب آپ کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کا وقت آ گیا ہے ۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران نیازی کی نااہل ترین ثابت ہو چکی ہے ، منی بجٹ جو عوام پر لادا گیا ہے اس بارے میں اپوزیشن نے پہلے خبردار کردیا تھا ، ساڑھے تین سو ارب ٹیکسوں کے ساتھ عوام کی چیخیں نکلوائی جائیں گی ۔

 

Advertisement