ملک میں پی ڈی ایم کی انتشار پھیلانے کی سیاست نہیں چلے گی: عثمان بزدار

Published On 06 January,2022 12:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک میں پی ڈی ایم کی انتشار پھیلانے کی سیاست نہیں چلے گی، تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، جس میں حلقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والوں میں لالہ طاہر رندھاوا، سبین گل خان، لطاسب ستی، ندیم قریشی اور محمد سلیم شامل تھے۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ایک طرف ہماری خدمت کی سیاست ہے اور دوسری طرف اپوزیشن کی منفی سیاست، اپوزیشن میں استعفے دینے اور لانگ مارچ کرنے کی ہمت ہے نہ حوصلہ، منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔یہاں صرف خدمت کی سیاست کو پذیرائی ملے گی، حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ڈی جی پی آر کے زیر اہتمام چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت میڈیا گریجوایٹس میں سرٹیفکیٹس و چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت میڈیا گریجوایٹس میں سرٹیفکیٹس و چیک تقسیم کئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کے نوجوانوں کو ملازمتوں کے لئے عمر کی حد میں 2 سال کی رعایت دی جائے گی، پی ایم ایس کے امتحان میں بھی امیدوارو ں کو عمر میں 2 سال کی رعایت دیں گے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لئے ایک لاکھ ملازمتوں کو بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ تک لے جا رہے ہیں، باصلاحیت اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں دیں گے، پنجاب کی تاریخ میں 740 ارب روپے کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دینے کا اعزاز ہماری حکومت کو حاصل ہوا ہے، گراس روٹ لیول پر ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لئے 360 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے، عوام کی بہتری کے لئے حکومت پوری طرح یکسو اور متحرک ہے، چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔