الیکشن کمیشن نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم سے کرانے پر رضامندی ظاہر کردی

Published On 06 January,2022 11:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم سے کرانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات اور صوبہ میں حلقہ بندیوں سے متعلق غور کیا گیا۔ اجلاس کو سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021کے اہم پہلووں پر بریفنگ دی ۔

اجلاس کو سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 میں موجود چند ترامیم کی تجویز دی جس پر الیکشن کمیشن نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم سے کرانے پر رضامندی ظاہر کردی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کسی ٹیکنالوجی بشمول ای وی ایم پر الیکشن کمیشن کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اگر وفاقی یا صوبائی حکومت ان مشینوں کو خود تیار کرے توالیکشن کمیشن ای وی ایم کا استعمال کرنے کو تیار ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوران 2 لاکھ 5 ہزار مشین درکار ہوں گی،الیکشن کمیشن نے مشینوں کی خریداری مارکیٹ سے کرنی ہے تو تمام قواعد وضوابط اور پیرا رولز کے مطابق خریداری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ چند ویلج اورنیبر ہوڈ کونسلوں میں ای وی ایم کی پائلٹ ٹیسٹنگ بھی کی جا سکتی ہے،لوکل گورنمنٹس تحلیل ہونے کے بعد 120دن کے اندر انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔ 120 دن کے اندر مشینوں کی خریداری ممکن نہیں۔

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور طویل عرصے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) نے میدان مارا تھا۔ اس دوران لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی دیکھنے کو ملے تھے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی میئر کے اے این پی کے امیدوار کو قتل کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے دوسرے مرحلہ ڈی آر اوز، ریٹرنگ افسران عدلیہ سے لینے کا فیصلہ کرلیا، ایڈیشنل سیشن ججز اور سیشن ججز کو ڈی آر اوز، آر اوز لگایا جائے گا، الیکشن کمیشن نے انتظامیہ سے لگائے آر اوز ڈی اراوز کو ہٹا دیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن جلد پشاور ہائیکورٹ کو ڈی آر اوز آر اوز کےلئے خط لکھے گا، الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ سے ماتحت عدلیہ سے نامزدگیاں مانگے گا، الیکشن کمیشن کو 18 ڈی آر اوز،249 آر اوز درکار ہونگے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن پہلے مرحلہ میں ریٹرننگ افسران کے کردار سے مطمئن نہیں، الیکشن کمیشن پشاور ہائی کورٹ کے جواب کے بعد باضابطہ تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن کریگا۔

یاد رہے کہ کے پی کے میں دوسرے مرحلہ کے بلدیاتی انتخابات 27 مارچ کو ہونگے۔

Advertisement