لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی چور اور جھوٹا ثابت ہونے پر استعفیٰ دیں ، آئین کے تحت کوئی ایسا شخص وزیراعظم نہیں ہوسکتا ، فارن فنڈنگ کیس رپورٹ کسی مغربی ملک میں آتی تو سربراہ استعفیٰ دے چکا ہوتا ۔
اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن ) کے صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ آئین پاکستان اور قانون کے تحت کوئی چور اور جھوٹا وزیراعظم نہیں ہوسکتا ، قانون کے تحت ’چور‘ اور ’جھوٹا‘ ثابت ہوجانے والے عمران نیازی استعفیٰ دیں ، یہ آئین ، قانون اور سیاسی اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ عمران نیازی عہدے سے ہٹ جائیں ، الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ عمران نیازی صادق ہیں نہ امین جبکہ تحقیقاتی کمیٹی نے بتایا کہ عمران نیازی نے چوری کی اور جھوٹ بولا، قانون واضح ہے کہ حقائق چھپانے، چوری کرنے اور جھوٹ بولنے والا آئینی ، حکومتی اور سیاسی عہدہ نہیں رکھ سکتا ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خلاف مقدمے کی طرح عمران نیازی کے خلاف روزانہ کی بنیادوں پر سماعت کی جائے ، آئین اور قانون کے مطابق قانون کا یکساں اطلاق ایک لازمی تقاضا ہے جسے پورا ہونا چاہئے ، ملک میں اس وقت کوئی وزیراعظم نہیں ، ملک آئینی وقانونی خلا میں چل رہا ہے ، پارلیمنٹ کا اس وقت کوئی قائد ایوان نہیں ، آئین اور قانون کے تحت عمران نیازی پاکستان کے فیصلے نہیں کرسکتے ، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد سے جو بھی حکومتی فیصلے ہوں گے وہ آئینی اور قانونی نہیں ۔
صدر مسلم لیگ(ن) نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے، منی بجٹ پر نظر ثانی کرنا ہوگی ، وہ تمام لوگ آئینی عہدوں سے استعفیٰ دیں جن کے نام فارن فنڈنگ کیس میں آرہے ہیں ، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ملک میں آئینی بحران پیدا ہوچکا ہے ، اپوزیشن سے ملک میں پیدا ہونے والے اس سنگین آئینی بحران پر مشاورت کروں گا ، آئین اور قانون پر یقین رکھنے والی جماعتوں اور ارکان کو ملک کو آئینی بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل اکاﺅنٹس کی تفصیل سامنے لائی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ غیرملکی افراد اور کمپنیوں سے غیرقانونی پیسہ لینے والے جوہری پاکستان کے لئے خطرہ ہیں ، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے صفحہ 92 پر لکھا ہے کہ 2009 سے 2013 تک پی ٹی آئی نے 53 بینک اکاﺅنٹس چھپائے ، پی ٹی آئی نے 2009 سے 2013 تک 12 اکاؤنٹس ظاہر کئے ، سٹیٹ بینک نے بتایا کہ 2009 سے 2013 تک پی ٹی آئی کے بینک اکاﺅنٹس کی تعداد 65 تھی ۔