مری: (دنیا نیوز) مری میں برف کا طوفان، سیاحوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، گاڑیوں میں پھنسے لوگ رات سٹرک پر گزارنے پر مجبور ہوئے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔ ایک اور بچی کی لاش نکال لی گئی جس کے بعد سردی کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید مری اور گلیات میں پھنسے سیاحوں کی امداد کی مانیٹرنگ کے لئے مری پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاک فوج کے 5 پیدل پلاٹون طلب کئے گئے ہیں، سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، ایف سی اور رینجرز کو بھی امدادی سرگرمیوں کیلئے طلب کر لیا گیا ہے۔
مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد ویک اینڈ پر برفباری کا نظارہ کرنے پہنچی، جہاں ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں مری اور گلیات میں داخل ہوئیں۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ فیملیز گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئیں۔ شدید برفباری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے سیاحوں کے بے پناہ رش کے باعث جڑواں شہروں سے مری جانے والے راستے بند کر دئیے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مری جانے والے راستے اتوار کی رات تک بند رہیں گے۔
مری میں مسلسل بارش اور شدید برفباری اور ہنگامی موسمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سیاحوں اور شہریوں کی سہولت و رہنمائی کے لیے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی آفس میں میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی تمام اتنظامی کارروائیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں پہلے سے مری میں تحصیل انتظامیہ کی مدد کے لیے موجود ہیں۔ ہنگامی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت کی ٹیمز تشکیل دی جا چکی ہیں جو مری میں سیاحوں کی مدد میں مصروف ہیں۔ مری میں 70 فیصد بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔
اے ایس آئی نوید، بچوں سمیت جاں بحق
لکہ کوہسار میں برفانی طوفان نے کئی گھر اجاڑ دیئے۔ اے ایس آئی نوید 4 بچوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔ تھانہ کوہسار میں تعینات اے ایس آئی اپنی فیملی کے ساتھ سیر کیلئے مری گیا تھا۔ اے ایس آئی گلڈنہ روڈ پر گاڑی میں ہی بچوں سمیت جاں بحق ہوئے۔
دوسری طرف آئی جی اسلام احسن یونس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اے ایس آئی نویداقبال کی 3 بیٹیاں اوربیٹا بھی طوفانی برفباری سےجاں بحق ہوا، گزشتہ رات مری میں پھنس جانے سے اےایس آئی نوید اقبال جاں بحق ہوا، ان کی اہلیہ اورایک بیٹااسلام آبادگھرپرموجود ہے۔ ان کا تعلق ضلع چکوال سے ہے اور تھانہ کوہسارمیں تعینات تھے۔ پولیس کڑے وقت میں اہلخانہ کےساتھ ہے۔
ملکہ کوہسار میں برفانی طوفان، واقعے میں جاں بحق افراد کی فہرست سامنے آگئی
ملکہ کوہسار میں برفانی طوفان نے کئی گھر اجاڑ دیئے۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی فہرست سامنے آگئی۔ جو اوپر دکھائی گئی ہے۔
دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مری میں 22 سیاح جاں بحق ہوئے ہیں۔
پنجاب حکومت کا اہم فیصلہ، مری کو آفت زدہ قرار دے دیا، ایمرجنسی نافذ
پنجاب حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے مری کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے احکامات جاری کر دئیے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری سرکاری ریسٹ ہاؤسز، سرکاری دفاتر سیاحوں کے لئے کھولنے کا حکم دے دیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پیدا شدہ صورتحال میں سیاحوں کو ہر ممکنہ طریقے سے ریلیف دیا جائے۔
عثمان بزدار نے مری میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن تیز کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، سیاحوں کو ضروری امدادی اشیا بھی فراہم کی جائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری پر انکوائری کا حکم دے دیا
Shocked & upset at tragic deaths of tourists on road to Murree. Unprecedented snowfall & rush of ppl proceeding without checking weather conditions caught district admin unprepared. Have ordered inquiry & putting in place strong regulation to ensure prevention of such tragedies.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 8, 2022
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مری جانے والے سیاحوں کی المناک موت پر افسردہ ہوں، ایسے سانحات کی روک تھام کیلئے سخت قواعد و ضوابط قائم کئے جائیں گے، غیر معمولی برفباری پر لوگوں کی بڑی تعداد کی مری آمد پر ضلعی انتظامیہ تیار نہ تھی۔
مری میں دردناک واقعہ، حکومت کو کوسنے کا کوئی فائدہ نہیں، یہ بہت پہلے مرچکی
I have NEVER seen such chaos, apathy & incompetence & most importantly a government that has nothing to do with the misery of people. What’s most shocking though is not only the dismissive attitude but the contempt & scorn they pour on the victims.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 8, 2022
پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ مری میں دردناک واقعہ نے دل دہلا کے رکھ دیا ہے، حکومت کو کوسنے کا کوئی فائدہ نہیں، یہ بہت پہلے مرچکی ہے، اللہ تعالیٰ مرحومین، ان کے ورثا اور پاکستان پر خصوصی رحم فرمائے۔
مری میں افسوسناک سانحے پر پورا ملک سوگوار ہے: بلاول بھٹو
لاول بھٹو نے مری میں سرد موسم سے سیاحوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مری میں افسوسناک سانحے پر پورا ملک سوگوار ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بہتر ہوتا مری میں سیاحوں کو سنگین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا تاکہ ایسا سانحہ رونما نہ ہوتا، انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔