راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے مری کے متاثرہ علاقے کا فضائی دورہ کیا اور وہاں پر جاری امدادی سرگرمیوں کاجائزہ لیا، حکام کی جانب سے وزیراعلی کو متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے مری پہنچ گئے، وزیرقانون راجہ بشارت بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عثمان بزدارنے مری کے متاثرہ علاقے کا فضائی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو ریلیف کمشنر نے امدادی سرگرمیوں پربریفنگ دی، معاو ن خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قبل ازیں وزیراعلی پنجاب رات گئے تک مری ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا۔ راولپنڈی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے جوان رات بھر متحرک رہے۔ مری کی بڑی شاہراہوں پر شدید برفباری کی وجہ سے 20 سے 25 بڑے عمارتی درخت گرے جس سے راستے بلاک ہو گئے تھے۔ تمام سیاحوں کو رات ہونے سے پہلے ہی ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا تھا۔ چوبیس گھنٹوں میں 500 سے زائد فیملیز کو ریسکیو کیا گیا۔