مری میں سردی سے سیاح جاں بحق، شوبز شخصیات کا اظہار افسوس

Published On 08 January,2022 07:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملکی مشہور سیاحتی مقام مری میں برفباری کے دوران گاڑیوں کے پھنسنے اور شدید سردی میں لوگوں کی اموات ہوجانے پر قوم افسردہ دکھائی دی، وہیں شوبز شخصیات نے دلخراش واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مری میں برفباری کے دوران وہاں سیاحت کے لیے پہنچنے والے ہزاروں لوگ پھنس گئے اور گاڑیوں میں پھنس جانے والے 22 افراد لقمہ اجل بھی بنے۔

برفباری کی وجہ سے گاڑیوں میں پھنس کر زندگی کی بازی ہارنے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے متعدد شوبز شخصیات نے حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

اداکارہ ارمینا خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے موسمی حالات کے لیے پہلے سے ہی ٹریفک پلان اور موسم کے حالات بتائے جاتے ہیں اور موسم کو دیکھتے ہوئے مزید منصوبے ترتیب دیے جاتے ہیں۔

اداکارہ صبا قمر نے برفباری میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ کہیں بھی سفر کرنے سے قبل موسم کو دیکھ کر اپنا منصوبہ بنائیں۔

گلوکار علی ظفر نے ٹویٹر پر لکھا کہ مری سے انتہائی افسوسناک خبر آرہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعا گو ہوں، ان خاندانوں کے لیے بھی دعا گو ہوں جنہوں نے سانحے کا سامنا کیا ہے اور جو اب بھی محفوظ مقام حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اداکار فیصل قریشی نے سانحہ مری پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ برائے کرام جاں بحق سیاحوں کے لیے دعا کریں، مری اور گلیات سے تکلیف دہ ویڈیوز موصول ہو رہی ہیں، انتہائی سخت موسمی حالات میں تقریباً 20 سیاح، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جو سیاح وہاں ہیں اللہ ان کی مدد کرے اور انہیں اپنے امان میں رکھے۔

ٹی وی میزبان وجاہت کاظمی نے بھی مری میں برفباری کےدوران لوگوں کی اموات پر اظہار افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے اس مید کا اظہار کیا کہ انتظامیہ وہاں جلد امدادی کام شروع کرے گی۔