مری: (دنیا نیوز) مری میں برفباری کے دوران جاں بحق پولیس افسر کا آخری وائس میسج سامنے آ گیا۔
پاکستان کے مشہور سیاحتی مقام مری میں برفباری کے دوران گاڑیوں کے پھنسنے اور شدید ٹھنڈ میں لوگوں کی اموات پر پوری قوم افسردہ ہے، شدید برفباری کے دوران وہاں سیاحت کے لیے پہنچنے والے ہزاروں لوگ پھنس گئے اور گاڑیوں میں پھنس جانے والے 22 افراد لقمہ اجل بھی بنے۔ جس کی تصدیق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کی ہے۔
اسی دوران ملکہ کوہسار میں اے ایس آئی نوید 4 بچوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔ تھانہ کوہسار میں تعینات اے ایس آئی فیملی کے ساتھ سیر کیلئے مری گئے تھے۔ اے ایس آئی گلڈنہ روڈ پر گاڑی میں ہی بیوی بچوں سمیت جاں بحق ہوئے۔
اے ایس آئی نوید کا آخری وائس میسجز سامنے آگیا ہے، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم اٹھارہ گھنٹے سے پھنسے ہوئے ہیں پتا کر کے بتاؤ کرین آئی ہے کہ نہیں۔ مزید کتنے گھنٹے انتظار کرنا ہوگا۔
اے ایس آئی اپنے ساتھی کو پیغام میں کہہ رہے ہیں کہ کرین کام شروع کر دے تو ہمیں بھی کوئی امید ہو گی۔ ہمارے پاس ابھی تک برفباری ہو رہی ہے ہم بہت پریشان ہیں۔
دوسری طرف آئی جی اسلام احسن یونس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اے ایس آئی نویداقبال کی 3 بیٹیاں اوربیٹا بھی طوفانی برفباری سےجاں بحق ہوا، گزشتہ رات مری میں پھنس جانے سے اےایس آئی نوید اقبال جاں بحق ہوا، ان کی اہلیہ اورایک بیٹااسلام آبادگھرپرموجود ہے۔ ان کا تعلق ضلع چکوال سے ہے اور تھانہ کوہسارمیں تعینات تھے۔ پولیس کڑے وقت میں اہلخانہ کےساتھ ہے۔