لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھنے سے دھند میں اضافہ ہوگیا۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، دھند کے باعث فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں جاڑے کی شدت میں اضافے سے میدانی علاقوں میں دھند بھی بڑھ گئی۔ ملتان، فیصل آباد، کوٹ مومن میں حد نگاہ کم رہی۔ گوجرہ، وہاڑی میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا
کلور کوٹ، رینالہ اور دیگر کئی علاقوں میں شدید دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔
دھند بڑھنے سے لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا، پروازوں کے منسوخ ہونے اور تاخیر سے مسافر کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ بالائی خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔