کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ہر گلی میں پولیس اہل کار کو کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو سمارٹ سٹی ڈکلیئر کرنا ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا ہے کہ کراچی جیسا شہر سمارٹ سٹی بنے بغیر کنٹرول نہیں ہو سکتا، جتنا جلد کراچی کو سیف سٹی ڈکلیئر کریں گے اتنا اچھا ہوگا۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ گلی گلی میں پولیس والے کو کھڑا کر دیں، پیپلز پارٹی کو چاہیے کراچی کو جلد از جلد اسمارٹ سٹی بنائیں۔
عمران اسماعیل نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ساڑھے 3 سال ہوگئے جبکہ یہ ساڑھے 3 ماہ میں ہی کہتے تھے کہ حکومت آج گئی کل گئی، لیکن اپوزیشن میں دم ہے نہ ہی پی ڈی ایم میں۔
گورنر سندھ نے کہا ہم نے پہلے بھی تاریخیں دیکھی ہیں، پی ٹی آئی 5 سال پورے کرے گی بلکہ دوبارہ بھی آئے گی، آج پاکستان جس حالت میں اس کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی دور میں پیسہ لوٹا گیا، جس کی وجہ سے ہمیں چند ارب روپے کی خاطر آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑتی ہیں۔ اب یہ بے شرموں کی طرح کہتے ہیں کہ عمران خان نے مہنگائی کر دی ہے، جب کہ پوری دنیا میں مہنگائی ہے امریکا میں 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔