لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پاور ڈیویلپمنٹ کمپنی میں خرد برد کے ریفرنس میں اہم پیشرفت، احتساب عدالت نے کیس میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کے شریک ملزمان کو بری کر دیا۔
ریفرنس میں عدالت شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ احتساب عدالت نمبر 2 کے جج نسیم احمد ورک نے پی پی ڈی سی خرد برد کیس میں فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ملزم رانا محمد عثمان خان، فرہاد اکرام، ثمینہ اکرام، احسن اکرام اور عمر شمشاد کو بری کیا۔ عدالت نے ملزمان کی جانب سے دائر بریت کی درخواستوں پر دونوں فریقين کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا۔
ملزمان پر ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی سمیت دیگر محکموں میں خردبرد کا الزام تھا۔ عدالت نے ریفرنس میں ملوث پانچ ملزمان کو بری کرنے کا مختصر فیصلہ سنایا۔ عدالت ریفرنس میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔