اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے دوران پرواز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں 17 جنوری سے کھانے کی تقسیم پر پابندی عائد کر دی۔ سول ایوی ایشن کو دوران پرواز ماسک کا استعمال اور دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا کی بڑھتی صورتحال اور اضافے کی صورت میں مجوزہ بندشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صوبوں خصوصا سندھ کے ساتھ بڑھتی وباء کے کنٹرول کے لیے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ این سی او سی نے تعلیمی اداروں، عوامی اجتماعات اور شادی ہالز میں ایس او پیز کے حوالے سے 17 جنوری کو خصوصی اجلاس طلب کرلیا، جس میں صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شرکت کریں گے۔ این سی او سی کی جانب سے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کر دی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 3 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 20 ہزار 120 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 286 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 51 ہزار 408، سندھ میں 4 لاکھ 97 ہزار 153، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 82 ہزار 100، بلوچستان میں 33 ہزار 684، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 439، اسلام آباد میں ایک لاکھ 10 ہزار 597 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 739 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار 473 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار 522 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 63 ہزار 5 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 709 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 3 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 87، سندھ میں 7 ہزار 693، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 953، اسلام آباد میں 968، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔