پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے شوکاز نوٹس جاری ہونے کے بعد رکن قومی اسبملی نور عالم خان کا موقف سامنے آ گیا۔
اپنے موقف میں رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ کسی صورت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیرپختونخوا کے صدر پرویز خٹک کو جوابدہ نہیں ہوں، پارٹی ٹکٹ چیئر مین عمران خان نے دیا ہے، صرف وزیراعظم کو جوابدہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ گیس، بجلی لوڈ شیڈنگ، مہنگائی پر بات کرتا رہوں گا، پہلی 3 قطاروں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے والی بات میں کیا برائی ہے۔
پارٹی قیادت پر الزامات: نور عالم خان کو شوکاز نوٹس جاری
پارٹی قیادت پر الزامات لگانے پر پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔ صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے شوکاز نوٹس جاری کیا۔
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نورعالم خان کو پارٹی قیادت کے خلاف بیان پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے شوکاز نوٹس جاری کیا۔ شوکاز نوٹس کے متن کے مطابق نور عالم خان کو 7 یوم میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ نور عالم نے پارٹی قیادت پر الزامات لگائے جو میڈیا پر نشر اور شائع ہوئے، نور عالم دستاویزی ثبوت کے ساتھ اپنا وضاحتی جواب 24 جنوری تک جمع کروائیں۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ نور عالم خان اپنے الزامات پر اپنی پوزیشن واضح کریں، 7 یوم میں جواب جمع نہ کروانے کی صورت میں پارٹی آئین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔